بھارتی سازشوں کے باوجودکشمیر پریمیئر لیگ کے شیڈول کا اعلان
بھارتی بورڈ کی لیگ پر پابندی کی درخواست مسترد ، غیر بین الاقوامی ٹورنامنٹس پر ہماراکوئی اختیار نہیں،آئی سی سی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 19میچز6سے 17اگست تک کھیلے جائینگے ، راولا کوٹ اور میرپور رائلز کا افتتاحی میچ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)عالمی سطح پر بھارت کو ایک اور ناکامی کا سامنا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بی سی سی آئی کی کشمیر پریمئیر لیگ پر پابندی کی درخواست مستردکردی ۔آئی سی سی نے کہا کہ غیر بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس پر اس کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے کشمیر پریمیئر لیگ کی منظوری دے دی ہے ۔ آئی سی سی کی جانب سے یہ ردعمل اس رپورٹ کے بعد آیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پریمیئر لیگ کو تسلیم نہ کرے ۔ آئی سی سی کی جانب سے کسی ایونٹ کی منظوری کا ضابطہ ، شق 2.1.3 کہتا ہے کہ ہر قومی کرکٹ فیڈریشن کو اپنے علاقے میں ڈومیسٹک میچوں کے انعقاد کی منظوری کا واحد اور خصوصی حق حاصل ہوگا۔ آئی سی سی صرف شق 2.1.4 کے مطابق مداخلت کرسکتی ہے وہ بھی اس صورت میں اگر میچ کسی ایسوسی ایٹ رکن کے علاقے میں ہونے ہیں۔ دوسری طرف کشمیر پریمیئر لیگ کے اولین ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق افتتاحی میچ 6 اگست کو شاہد آفریدی کی راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی میر پور رائلز کے درمیان مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جبکہ فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔