پی ایچ ایف کا 12 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان
فٹنس کی بنیاد پر کپتان محمد رضوان معاہدے سے محروم،تین ماہ میں بحالی کا ٹاسک
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بارہ کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا جس میں کمتر فٹنس کے مالک کپتان محمد رضوان شامل نہیں جن کو معاہدے سے محروم دیگر کھلاڑیوں کی طرح تین ماہ میں فٹنس کی بحالی کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوہ نے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ منظور جونیئر اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید کے ساتھ پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ انہیں 31 کھلاڑیوں کو معاہدے کا حصہ بنانا تھا مگر صرف بارہ ہی مطلوبہ معیار پر پورے اتر سکے جس کے مطابق اے کیٹگری میں عمر بھٹہ، مبشرعلی ، اعجاز احمد ، علی شان اور ابوبکر، بی کیٹگری میں تعظیم الحسن اور معین شکیل،سی کیٹگری میں وقار، عبداللہ،عقیل احمد ، عمیر ستار اور رومان خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ایمرجنگ کیٹگری میں دانش، رضوان علی ، عبید اللہ اور نوید عالم قابل غور سمجھے گئے ۔ واضح رہے کہ اے کیٹگری کے کھلاڑی پچاس ہزار،بی کیٹگری کے 40 ہزار اور سی کیٹگری کے 30 ہزار روپے ماہانہ وصول کریں گے جبکہ ایمرجنگ پلیئرز کو 20 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہنے والی قومی کپتان محمد رضوان کے علاوہ امجد علی ، اظفر یعقوب، رانا وحید اور رانا سہیل بھی معاہدوں سے محروم رہے جن کو تین ماہ میں فٹنس مطلوبہ معیار پر لانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ان تمام کھلاڑیوں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنی فٹنس کو مطلوبہ معیار پر لانے کیلئے محنت کریں کیونکہ فٹنس اور ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔