ارشد ندیم ناامیدی کی راکھ سے بھڑکنے والی چنگاری بن گئے

ارشد ندیم ناامیدی کی راکھ سے بھڑکنے والی چنگاری بن گئے

جیولن تھروئر کو پاکستانی کرکٹرز سمیت کھیلوں کی مختلف شخصیات کا خراج تحسین

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)اولمپک گیمز میں شریک پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم ناامیدی کی راکھ سے بھڑکنے والی چنگاری بن گئے جن کو ملک بھر میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سراہا جا رہا ہے جبکہ جیولن تھروئر کو پاکستانی کرکٹرز سمیت کھیلوں کی مختلف شخصیات نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے ۔قومی فاسٹ بالر وہاب ریاض نے ارشد ندیم کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا جبکہ حسن علی نے میاں چنوں کے ایتھلیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انشائاللہ وہ سرخرو ہوں گے ۔اسپن بالر عماد وسیم نے بھی قومی ایتھلیٹ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ کامران اکمل،وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے بھی ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی فائنلز میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات ظاہر کیں۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے ٹوکیو اولمپکس فائنلز میں رسائی پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی جبکہ قومی ایتھلیٹ کے کوچ فیاض بخاری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے عمدہ تھرو کی جس سے اس کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور وہ سپورٹ کیلئے قوم کا شکریہ ادا کرتے اور فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔صدر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی نے ارشد ندیم کو فون کر کے انہیں ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے جس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا توقع ہے کہ وہ فائنلز میں بھی برقرار رہے گی اور وہ ملک کیلئے نئی تاریخ رقم کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں