سیریز مکمل نہیں ہوئی، زیادہ میچز کھیلتے تو اعتماد ملتا:حسن
ٹیسٹ سیریز پر نظریں ہیں، تیاریوں کا اچھا وقت ہے ،قومی فاسٹ باؤلر
لاہور(سپورٹس رپورٹر)فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز مکمل نہیں ہوئی، زیادہ میچز کھیلتے تو اعتماد ملتا۔ ریڈ بال میں کارکردگی اچھی جارہی ہے ، ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرلیں تو ان کو انعام دوں گا۔قومی فاسٹ باؤلر حسن علی نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے ، بارش میں بھی کھلاڑی ہر وقت پرجوش تھے ، میچز متاثر ہونے سے مایوسی ہوئی مگر موسم ہمارے کنٹرول میں نہیں،اگر زیادہ میچز کھیل پاتے تو اچھا ہوتا اور اعتماد ملتا، ایک صفر سیریز جیتے اس پر بھی خوش ہیں۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز پر نظریں ہیں، تیاریوں کا اچھا وقت ہے ، میری ریڈ بال میں کارکردگی اچھی جارہی ہے ، اس سلسلے کو جاری رکھوں گا۔ حسن علی نے کہا کہ وقار یونس کی کوچنگ میں باؤلنگ کی کمزوریوں کو دور کرنے کیلئے محنت کررہے ہیں، ورلڈکپ میں وقت ہے اس سے پہلے غلطیوں پر قابو پالیں گے ، ٹیسٹ سیریز میں ہماری سائیڈ کافی بیلنسڈ ہے ، کامیابی کے ساتھ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا نیا سائیکل شروع کرینگے۔