قومی ٹیم 5 سال بعد بنگلا دیش جائیگی، پی سی بی کا گرین سگنل

قومی ٹیم 5 سال بعد بنگلا دیش جائیگی، پی سی بی کا گرین سگنل

بنگلا دیش میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز اور دو ٹیسٹ کھیلے جائینگے ،دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے ،پاکستان کرکٹ بورڈ ، پاکستانی ٹیم سیریز میں تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیلے گی،سیریز کے میچ شیڈول کو فائنل کرنے کیلئے پی سی بی سے بات جاری ہے ،سی ای او بنگلادیشی بورڈ

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم پانچ سال بعد بنگلا دیش کا دورہ کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق بنگلا دیش میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے ۔ یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے ۔ دورے میں شامل تمام ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شیر بنگلا سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے ۔ یہ میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ 26 سے 30 نومبر تک جاری رہے گا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 4سے 8دسمبر تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم ایک جیت کے ساتھ فی الحال دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ بنگلا دیش نے چیمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز ابھی نہیں کیا ہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کی بنگلا دیش روانگی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔دوسری طرف سی ای او بنگلادیشی بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم فل سیریز کیلئے نومبر کو ڈھاکہ پہنچے گی، پاکستانی ٹیم سیریز میں تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیلے گی۔سی ای او بنگلادیشی بورڈ نے یہ بھی کہا کہ سیریز کے میچ شیڈول کو فائنل کرنے کیلئے پی سی بی سے بات جاری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں