سیریز منسوخی پر دکھ ہوا،غیر ملکی کرکٹرز بھی ناخوش
6سالوں سے پاکستان میں کھیل رہا ہوں ،ہمیشہ خود کو محفوظ محسوس کیا، سیمی سکیورٹی الرٹ تھا تو ٹیم بھیجنی نہیں چاہیے تھی ، ڈینی موریسن نے معافی مانگ لی
لاہور،راولپنڈی(سپورٹس رپورٹرز)ویسٹ انڈیزکو دو مرتبہ ورلڈکپ جتوانے والے ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی سیریز منسوخی پر مایوسی ہوئی۔ ٹوئٹر پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ سیریز کو منسوخ کر دینا قابل افسوس ہے ۔ پچھلے 6سالوں سے پاکستان میں کھیلنا اور دورہ کرنا انتہائی خوشگوار تجربات میں سے ایک رہا ہے ،میں نے ہمیشہ پاکستان میں اپنے آپ کو ہمیشہ محفوظ محسوس کیا ہے ۔ویسٹ انڈین کرکٹر ردرفورڈ کا کہنا تھا کہ میں نے بہت سے ممالک میں سفر کیا ہے ، پاکستان کرکٹ کے حوالے سے محفوظ ترین ملک ہے ۔ سری لنکن کرکٹر اینجلو پریرا نے بھی کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے ۔ نیوزی لینڈ کے کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے کہا کہ اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو سکیورٹی الرٹ تھا اسے پاکستان ٹیم بھیجنی ہی نہیں چاہیے تھی مگر عین وقت پر دورہ ملتوی کرنا ملک کی بے عزتی اور اسے نظرانداز کرنے کے مترادف ہے ،میں دنیا بھر میں60سے زائد ملکوں میں گیا ہوں، پاکستان محفوظ ترین ملک ہے ۔ڈینی موریسن نے معافی مانگ لی ۔نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گرانٹ بریڈ برن ،نامور براڈ کاسٹر مائیک ہیسمین،جنوبی افریقہ کے کھلاڑی رائلی روسو ،سری لنکن کرکٹر ڈیموتھ کرونارتنے ،۔نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ ایلیٹ نے بھی مایوسی کا اظہار کیا۔