قومی کرکٹرزاپنا غصہ کارکردگی پر نکالیں،رمیز راجہ کا مشورہ
عالمی معیار پر بہترین ٹیم بن گئے تو آنیوالی ٹیموں کی قطاریں لگ جائیں گی
لاہور،راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے مشورہ دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اپنا غصہ کارکردگی پر نکالیں کیونکہ دنیا کو اپنا کھیل دکھانے کا یہی طریقہ ہے جبکہ عالمی معیار پر بہترین ٹیم بن گئے تو ملک میں آنے والی ٹیموں کی قطاریں لگ جائیں گی۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ویڈیو پیغام میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ ایک مرتبہ پھر دباؤ میں آ گئی ہے اور اگر اس صورتحال سے باہر نہیں نکل پاتے تو تب بھی ڈومیسٹک سطح تک محدود رہتے ہوئے عالمی سطح کی ٹیم تیار کر سکتے ہیں۔کیویز کی جانب سے سیریز سے انکار کے بعد رمیز راجہ نے ملکی شائقین کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا درد ایک جیسا اور مشترکہ ہے کیونکہ جو کچھ بھی ہوا وہ پاکستان کرکٹ کیلئے ٹھیک نہیں تھا اور توقعات کے برخلاف ایک بدقسمت صورتحال دیکھنا پڑی۔ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی صورتحال کا پہلے بھی سامنا کیا جاچکا مگر آگے بڑھنے کا عمل جاری رہا کیونکہ شائقین کرکٹ اور قومی کرکٹ ٹیم کی وجہ سے ہم مشکلات سے نکلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یوں بھی اپنی بقا کی جنگ لڑنے کے جذبے کے تحت دنیا کو چیلنج کرنا پڑتا ہے اور اس بار بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔