کیوی پاک سرزمین سے اڑگئے:پی سی بی کو بھاری مالی نقصان،آئی سی سی میں معاملہ اٹھایا جائیگا

کیوی پاک سرزمین سے اڑگئے:پی سی بی کو بھاری مالی نقصان،آئی سی سی میں معاملہ اٹھایا جائیگا

خصوصی طیارہ شام 6بجکر 15منٹ پر اسلام آباد پہنچا،ٹیم کو لیکر دبئی روانہ،طیارے میں 33افرادسوار،کیوی سکواڈ کے تمام کورونا ٹیسٹ منفی سیریز منسوخی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تقریباًڈیڑھ کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوا،قانونی مشاورت سے کیس کو بھر پور انداز میں پیش کیا جائے گا

لاہور،راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر ،اے ایف پی)سکیورٹی تھریٹ کا بہانہ بناکر دورہ منسوخ کرنیوالی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم گزشتہ روز وطن واپسی کیلئے اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوگئی ،اس دورے کی منسوخی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ڈیڑھ کروڑ ڈالرز کا نقصان ہواہے جس پرپی سی بی نے یہ معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیاہے ۔تفصیلات کے مطابق یکطرفہ طورپر سکیورٹی تھریٹ کا بہانہ بناکر اپنا دورہ منسوخ کرنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوگئی۔ خصوصی طیارہ گزشتہ شام 6 بجکر 15 منٹ پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو لینے کیلئے اسلام آباد پہنچا تھا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ ابوظہبی سے اسلام آباد پہنچی تھی جو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کولے کر دبئی روانہ ہوگئی ،طیارے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اور سٹاف سمیت 33 افراد سوار تھے ۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر نیوزی لینڈ سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ،تمام ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی ہیڈ کرنل(ر )آصف بٹ نے کیوی ٹیم کو الوداع کیا ۔دوسری طرف نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیریز منسوخ کئے جانے کے معاملے کو پی سی بی نے آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ آئندہ آئی سی سی کے اجلاس میں آواز بلند کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز منسوخی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالرز کا نقصان ہواہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی مشاورت سے کیس کو بھر پور انداز میں پیش کیا جائے گا۔پی سی بی ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم تمام انتظامات سے مطمئن تھی جس کے باوجود یہ دورہ منسوخ ہونے سے پی سی بی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے ، آئندہ چند روز میں نقصان کااصل تخمینہ پبلک کردیاجائے گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں