ہوم سیریز اپنے ملک میں ہی کھلیں گے، رمیز راجہ کا اعلان

ہوم سیریز اپنے ملک میں ہی کھلیں گے، رمیز راجہ کا اعلان

ملکی کرکٹ کیلئے کسی کے آگے جھکنا نہیں، ہم بلاک بنا کر کوئی چیز بلاک نہیں کرنا چاہتے ، کرکٹ بورڈ کو کہہ دیا ہے کہ اگر آسٹریلیا نہیں آتی تو پلان بی تیار ہو ، نیوزی لینڈ سے زر تلافی کیلئے پاکستان آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹائے گا، پی ایس ایل میں مزید پیسہ لاکرآئی پی ایل سٹارزکواس میں لانا ہے ،چیئرمین بورڈ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر افسوس ہوا، ملکی کرکٹ کیلئے کسی کے آگے جھکنا نہیں، ویسٹرن بلاک ہمیشہ سے اپنا مطلب نکالتا ہے ، ہم بلاک بنا کر کوئی چیز بلاک نہیں کرنا چاہتے ، اپنی آواز آئی سی سی میں اٹھائیں گے ، ہوم سیریز نیوٹرل وینیوز پر کبھی نہیں کھیلیں گے ۔لاہور میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ویڈیو پریس کانفرنس میں کہا کہ صورتحال بالکل بھی اچھی نہیں، پاکستان کرکٹ پر دباؤ ہے ، کرکٹ بورڈ کو کہہ دیا ہے کہ اگر آسٹریلیا نہیں آتی تو پلان بی تیار ہو۔رمیز راجہ نے کہا کہ ہم نیوٹرل وینیو پر کبھی جاکر نہیں کھیلیں گے ، اپنے میدان ہی آباد کریں گے ۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان کے افغان ہم منصب پاکستان آرہے ہیں، لیکن ہم بلاک بنا کر کوئی چیز بلاک نہیں کرنا چاہتے ۔رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح اپنی عزت نہیں کروائیں گے تو آگے مشکلات ہونگی۔ ہمیں کسی کو ثابت نہیں کرنا کہ پاکستان پر امن ہے ، سب جانتے ہیں، ہمیں اپنے مؤقف پر قائم رہنا ہے ، کوئی سخت جملہ استعمال نہیں کروں گا لیکن اب پاکستان اپنی عزت بنائے گا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ڈی آر ایس کے خلاف انکوائری شروع کروادی ہے ۔ رمیز راجہ نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ اور گراس روٹ لیول کی کرکٹ کیلئے ہر سپانسر کے پاس جاؤں گا، جب پیسہ آئے گا تو کرکٹ بورڈ بھی ترقی کرے گا۔نیوزی لینڈ سے زر تلافی کی وصولی کیلئے پاکستان آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹائے گا۔ پی ایس ایل میں مزید پیسہ لاکرآئی پی ایل کھیلنے والے سٹارزکواس میں لانا ہے ۔ سپانسرشپ کوبڑھائیں گے ۔رمیز راجہ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت اورنیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں ٹیم کو پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرنی ہے ، میچ تو سب ہی بہت اہم ہیں لیکن ان دونوں میچز پر سب کی خاص نظرہوگی، بابر اعظم کو بتادیا ہے کہ بہادری سے سر اونچا کرکے میدان میں اتریں، اپنے طورپربہترین سے بہترین پرفارمنس دے کران کو اپنے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا جواب دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں