ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے گراؤنڈ بنانے ہونگے :راشد لطیف
نیوزی لینڈ کی واپسی ،انگلینڈ کے انکارکے بعد پاکستان کرکٹ بہت پیچھے چلی گئی
کراچی(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ جس ملک کا وزیراعظم بھی کوشش کرے اور کام نہ ہو تو سمجھ لو کہ یہ بہت آگے کی بات ہے ۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اچھا کام کرے گا تو ہم ساتھ کھڑے ہیں، سندھ سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آیا ہے ، شاہ نواز دھانی، زاہد محمود اور نعمان علی اپنی مدد آپ کے تحت سامنے آئے ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی واپسی اور انگلینڈ کے انکارکے بعد پاکستان کی کرکٹ بہت پیچھے چلی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا ہائی پرفارمنس سنٹر پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر سے بہترہے ، اسلام آباد میں ایسا ہی ایک سینٹر بنانے پر کام کر رہا ہوں۔راشد لطیف کا کہنا تھا نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے گراؤنڈ بنانے ہوں گے ، اب بھی وہی گراؤنڈز ہیں جو ماضی میں تھے ، دنیا کہاں سے کہاں چلی گئی ہم صرف باتیں کرتے ہیں۔