آئندہ برس آسٹریلیا کا انکار حیران کن نہیں ہوگا،مائیک ایتھرٹن

آئندہ برس آسٹریلیا کا انکار حیران کن نہیں ہوگا،مائیک ایتھرٹن

درست اقدامات کرنے میں کینگروز کی ساکھ انگلینڈ سے بھی کمتر ہے ،کمنٹیٹر

لندن(اسپورٹس ڈیسک)سابق انگلش کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر مائیک ایتھرٹن کا کہنا ہے کہ آئندہ برس آسٹریلیا کا پاکستان آنے سے انکار حیران کن نہیں ہوگا کیونکہ درست اقدامات کرنے میں کینگروز کی ساکھ انگلینڈ سے بھی کمتر ہے ۔انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان سے انکار پر برہمی کا اظہار کرنے والے مائیک ایتھرٹن نے اپنے تازہ کالم میں لکھا ہے کہ تین سال قبل ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے بعد یہ پاکستان کیلئے ہائی پروفائل سیزن تھا جس کے دوران نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کو بھی دورہ کرنا تھا مگر سب کچھ خاک میں مل گیا۔سابق انگلش کپتان کے مطابق درست اقدامات کرنے کے اعتبار سے آسٹریلیا کی ساکھ انگلینڈ سے بھی کمتر ہے لہٰذا اس کی جانب سے پاکستان ٹور سے دستبرداری حیران کن نہیں ہوگی جس کے نتیجے میں پی سی بی کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی دھمکی نہیں تھی تو ای سی بی کو صاف طور پر کہہ دینا چاہئے کہ وہ دورے کیلئے ٹیم یکجا نہیں کر سکا لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ شدید کوویڈ صورتحال میں وہ پاکستان کیخلاف سیکنڈ اور تھرڈ ٹیم کھلانے پر تیار تھا مگر پاکستان کا قرض اتارنے کیلئے اس بار ایسا ہی کیوں نہیں کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں