قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل خیبرپختونخوا نے جیت لیا

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل خیبرپختونخوا نے جیت لیا

سنٹرل پنجاب کو شکست،مرد میدان افتخار پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنٹرل پنجاب کو سات وکٹوں سے شکست دے کر خیبرپختونخوا نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ٹائٹل جیت لیا جس کیلئے افتخار احمد مرد میدان قرار پائے ۔قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے فیصلہ کن معرکے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سنٹرل پنجاب کی ٹیم احمد شہزاد کے 44 اور کامران اکمل کے 42 رنز کی بدولت ٹوٹل 148 تک پہنچا سکی۔افتخار احمد اور محمد عمران نے تین،تین وکٹیں لیں۔جواب میں خیبر پختونخوا کیلئے صاحبزادہ فرحان 26 اور محمد حارث 10رنز کر سکے جبکہ کامران غلام نے بھی 37 رنز کا اضافہ کیا مگر کپتان افتخار احمد کے 45 اور عادل امین کے ناقابل شکست 25 رنز نے 18بالز قبل فتح کا سامان کردیا۔فاتح ٹیم کے کپتان افتخار احمد نے وننگ ٹرافی کے ساتھ پچاس لاکھ روپے اور سنٹرل پنجاب کے کپتان وہاب ریاض نے رنرز اپ ٹرافی کے ساتھ پچیس لاکھ روپے کا چیک وصول کیا۔خیبر پختونخوا کے صاحبزادہ فرحان بہترین بیٹر،عمران خان سینئر بہترین باؤلر،افتخار احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ جبکہ ناردرن کے روحیل نذیر بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں