ورلڈکپ،چند کھلاڑی اپنی ٹیموں کیلئے پریشانی کا باعث
شاداب کی کارکردگی طویل عرصے سے متاثر کن نہیں ، ڈیوڈ وارنر بھی ناکام ، ہردیک پانڈیا ،انگلینڈ کے مورگن،افریقہ کے ملر کی کارکردگی بھی تنزلی کا شکار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کچھ ایسے آؤٹ آف فارم کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کی کارکردگی ٹیموں کیلئے پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ پاکستانی آل راؤنڈر اور ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی کارکردگی طویل عرصے سے متاثر کن نہیں رہی ،اس کے علاوہ ٹیم مینجمنٹ بھی انہیں اوپری نمبروں پر کھلانے سے گریز کررہی ہے جو ان پر اعتماد کی کمی کا مظہر ہے ۔ آسٹریلین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کی حالیہ فارم یقینی طور پر آسٹریلوی ٹیم کیلئے پریشانی کا سبب ہوگی۔ انہوں نے انڈین پریمئر لیگ کے امارات لیگ میں 8 میچ کھیلے اور صرف 195 رنز ہی بناسکے ، اس کے علاوہ انہوں نے تقریباً ایک سال سے کوئی بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ بھی نہیں کھیلا۔ آئی پی ایل کے دوران بھارتی آل راؤنڈر ہردیک پانڈیا نے ایک اوور بھی نہیں کر ایا اس لئے کہ کہیں انکی بیٹنگ متاثر نہ ہو لیکن اس احتیاط کے باوجود پانڈیا بیٹنگ میں بھی ناکام نظر آئے ۔ انگلینڈ کے مورگن کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہے ۔ فرنچائز کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے اور ان کا سٹرائیک ریٹ بھی کم ہوتا جارہا ہے ۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے حوالے سے ڈیوڈ ملر کا شمار جنوبی افریقہ کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں میں ہوتا ہے تاہم اس وقت ان کی کارکردگی بھی خاطر خواہ نہیں ہے ۔