ورلڈ کپ جیتنے کا عزم لئے قومی ٹیم کا دبئی میں پڑاؤ

 ورلڈ کپ جیتنے کا عزم لئے قومی ٹیم کا دبئی میں پڑاؤ

شائقین کی سپورٹ معنی رکھتی ہے ،ہمارا ساتھ دیں، دعا کریں،بابر اعظم

دبئی(سپورٹس ڈیسک)ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کا سکواڈ یو اے ای پہنچ گیا جہاں وہ عالمی ایونٹ کیلئے تیاریوں کا آغاز کرے گا۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ شائقین کی سپورٹ ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے لہٰذا وہ ہمارا ساتھ دیں، ہمیں سپورٹ کریں اور ہمارے لیے دعائیں کریں۔فاسٹ باؤلر حسن علی نے روانگی سے قبل لی گئی سکواڈ کی تصویر بسم اللہ لکھ کر ٹویٹ کیا جبکہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے دبئی روانگی سے قبل اپنے پیغام میں عوام سے سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یقین ہی ہماری سپر پاور ہے ۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک بات یقینی ہے کہ ہم ورلڈکپ میچز میں اپنی 100 فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے ۔ پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے 18 اکتوبر کو ہو گا جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں