سکاٹ لینڈ نے بنگال ٹائیگرز کے دانت کھٹے کردیئے: عمان کا پاپوانیوگنی پرغلبہ
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پہلا اپ سیٹ،سکاٹ لینڈ نے بنگلا دیش کو 6 رنز سے شکست دیدی،141 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگالی ٹیم 134 رنز ہی بناسکی ، کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے پاپوا نیو گنی کو 10وکٹوں سے ہرایا،جتندر 73جبکہ عاقب الیاس 50رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے
عمان(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں میزبان عمان نے پاپوا نیو گنی کو 10 وکٹوں سے ہرادیا جبکہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پہلا اپ سیٹ ہوگیا جہاں سکاٹ لینڈ نے بنگلا دیش کو 6 رنز سے شکست دیدی۔ الامارات کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاپوا نیو گنی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عمان کو 130 رنز کا ہدف دیا۔ پاپوا نیو گنی کے کھلاڑی میزبان عمان کے باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بناسکے ۔پی این جی کی جانب سے صرف کپتان اسد اللہ والا 56 اور چارلس امینی 37 رنز بنا کر نمایا رہے ۔عمان کے ذیشان مقصود نے 20 رنزدے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلیم اللہ اور بلال خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں عمانی اوپنرز نے پہلی مرتبہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی پاپوا نیو گنی کے باؤلرز کی درگت بنادی۔ جتندر سنگھ نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عاقب الیاس بھی 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پہلا اپ سیٹ ہوگیا، جہاں سکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو 6 رنز سے شکست دیدی۔ الامارات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔کرس گریووز 45، جارج منسے 29 اور مارک واٹ 22 رنز بنا کر نمایا کھلاڑی رہے جبکہ دیگر کسی بلے باز نے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی۔بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 3 جبکہ شکیب الحسن، مستفیض الرحمان کے حصے میں دو، دو اور تسکین احمد اور محمد سیف الدین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 134 رنز ہی بناسکی۔