رمیز راجہ کی شائقین سے پاک بھارت میچ کیلئے دعا کی اپیل

رمیز راجہ کی شائقین سے پاک بھارت میچ کیلئے دعا کی اپیل

گرین شرٹس بھارت کیخلاف کامیابی سے قوم کو خوشی دینا چاہتے ہیں،چیئرمین پی سی بی

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ 2023 ء میں شیڈول ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پچاس اوورز کے میچوں پر مشتمل ہوگا تاہم فی الوقت شائقین پاک بھارت میچ کیلئے حمایت کے ساتھ دعا کریں کیونکہ گرین شرٹس بھارت کیخلاف کامیابی سے قوم کو خوشی دینا چاہتے ہیں۔رمیز راجہ نے ایشین کرکٹ کونسل اجلاس سے وطن واپسی پر پی سی بی ڈیجیٹل پر گفتگو میں واضح کیا کہ اے سی سی نے 2023ء میں ایشیاء کپ پاکستان میں کرانے کی منظوری دے دی ہے جو ستمبر میں پچاس اوورز فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا جس کی بدولت اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے مینز ورلڈ کپ 2023ء کیلئے تیاریوں کا موقع بھی مل جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کی پاکستان میں میزبانی کیلئے تیار ہیں اور توقع ہے کہ شائقین کی خواہشات کے مطابق یہ ایونٹ بہترین انداز سے آرگنائز کیا جائے گا۔اے سی سی اجلاس میں شرکت کے اولین تجربے کے بعد رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آئندہ برس ایشیاء کپ کے سری لنکا میں انعقاد کی بھی تصدیق ہو گئی ہے جو 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تناظر میں مختصر فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا قیام متحد ہو کر آواز بلند کرنے کیلئے عمل میں لایا گیا تھا اور اجلاس کے دوران بی سی سی آئی کے سربراہ سوراو گنگولی اور سیکریٹری جے شاہ سے ملاقات اچھی رہی اور کوشش یہی ہے کہ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دونوں ممالک کھیل کی بہتری کے راستے تلاش کریں البتہ ان کے باہمی تعلقات کی بحالی کیلئے کافی محنت کرنا ہوگی اور اس میں کچھ وقت بھی لگے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں