ٹی ٹونٹی ورلڈکپ وارم اپ میچ:ویسٹ انڈیز کو شکست،گرین شرٹس نے خطرناک عزائم ظاہر کر دیئے

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ وارم اپ میچ:ویسٹ انڈیز کو شکست،گرین شرٹس نے خطرناک عزائم ظاہر کر دیئے

باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث قومی ٹیم نے دفاعی چیمپئن کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرایا،بابر کی نصف سنچری آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 3وکٹوں ، جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 41رنز جبکہ بھارت نے انگلینڈ کو 7وکٹوں سے ہرایا

دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے وارم اپ میچ میں باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈیز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے بھی میچز جیت لئے ۔دبئی میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اوپنر ایک اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہے ۔ فلیچر صرف 2 رنز بنا سکے ۔ویسٹ انڈیز کے دوسرے اوپنر 30 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے ۔حارث رؤف نے کرس گیل کی وکٹیں اڑائیں جنہوں نے 30 گیندوں پر 20 رنز کی ایک سست اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 130 رنز بنائے ۔ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف بابراعظم کی نصف سنچری کی بدولت 16 ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔فخر زمان نے ناقابل شکست 46 رنز بنائے ۔ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرادیا، جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 41 رنز سے جبکہ بھارت نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے زیر کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں