پی سی بی سے ایک پائی وصول نہیں کروں گا:رمیز راجہ
میرے ہوتے ہوئے میرٹ ردی کی ٹوکری میں نہیں پھینکا جائیگا،چیئرمین
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میرے ہوتے ہوئے میرٹ ردی کی ٹوکری میں نہیں پھینکا جائے گا۔ رمیز راجہ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں سنٹرل پنجاب سے وابستہ کرکٹ کلبوں کے صدور سے ملاقات کی اور گراس روٹ کرکٹ پر اپنا پلان پیش کیا۔ ملاقات میں رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو نمبر ون بنانے کی سوچ رکھنی چاہیے ، میں اپنا کیرئیر چھوڑ کر کرکٹ ٹھیک کرنے اور عزت سے کام کرنے آیا ہوں، میں پی سی بی سے ایک پائی وصول نہیں کروں گا۔رمیز راجہ نے کہا کہ کلبز کے مسائل سے واقف ہوں، آپ لوگوں کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں، سیدھا میرے کمرے میں آئیں، آپ لوگوں کی عزت کروں گا آپ مجھے عزت دیں، یہ حقیقت ہے کہ مسائل زیادہ ہیں ۔