بنگلا دیش کوالیفائنگ رائونڈ میں ہی اگر مگرسے دوچار
اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے پاپوا نیو گنی کو بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا
مسقط (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کوالیفائنگ راؤنڈ اپنے اختتام کی جانب جارہا ہے لیکن اب تک کوئی واضح تصویر سامنے نہیں آرہی۔سکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی، عمان اور بنگلا دیش پر مشتمل گروپ بی میں تو اس مرحلے پر ہی اگر مگر کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ گروپ بی میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ بنگلا دیش بمقابلہ پاپوا گنی کے درمیان اور دوسرا میچ سکاٹ لینڈ اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اگر سکاٹ لینڈ نے عمان کو شکست دے دی تو پھر سکاٹ لینڈ اور بنگلا دیش کا اگلے مرحلے میں پہنچنا یقینی ہوجائے گا، لیکن اگر عمان نے سکاٹ لینڈ کو ہرا دیا تو تینوں ٹیموں کے 4، 4 پوائنٹس ہوجائیں گے اور یوں اگلے مرحلے میں کونسی ٹیمیں جائیں گے ، اس کا فیصلہ رن ریٹ کرے گا۔ ایسی صورت میں غالب امکان یہی ہوگا کہ بنگلا دیشی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی، جو یقینی طور پر اس ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ تصور کیا جائے گا۔اس لیے اگر بنگلا دیش کو اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنی ہے تو اسے پاپوا نیو گنی کو بہت بڑے مارجن سے شکست دینی ہوگی اور اتفاق دیکھیے کہ بنگلا دیشی شائقین کو اسی ٹیم کی جیت کیلئے دعائیں کرنی ہیں جس نے ٹورنامنٹ کی ابتدا میں بنگلا دیش کو شکست سے دوچار کیا تھا۔