حسن علی نے5بارجنریٹرچلا دیا:عابد سنچری کے قریب عبداللہ کی ففٹی

حسن علی نے5بارجنریٹرچلا دیا:عابد سنچری کے قریب عبداللہ کی ففٹی

فاسٹ باؤلر کے 5 شکاروں سے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 330پر محدود،لیٹن داس 114،مشفق الرحیم 91اور مہدی حسن میراز 38رنزبناکر نمایاں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کی دو،دو وکٹیں،قومی اوپنرز کی 145رنز کی عمدہ شراکت،عابدعلی 93اور عبداللہ شفیق 52 رنزبناکر ناقابل شکست

چٹاگانگ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں330 رنز پر آؤٹ کردیا،لیٹن داس نے سنچری بنائی جبکہ مشفق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکارہوگئے ،حسن علی نے 5بنگلہ دیشی بلے بازوں کو آؤٹ کرکے روایتی اندازمیں جنریٹر چلا کر جشن منایا۔قومی بلے بازوں نے پہلی اننگز کا شاندا آغاز کیا اور دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک بغیر وکٹ گنوائے 145رنز بنالئے ،عابدعلی 93رنزبناکر سنچری کے قریب ہیں جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق 52رنزبناکر وکٹ پر موجود ہیں اور پاکستان کوبنگلہ دیش کا سکور برابرکرنے کیلئے مزید 185رنزدرکارہیں۔ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹاگانگ میں بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز چار وکٹوں پر 253 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو سکور میں دو رنز کا اضافہ لیٹن داس کو لے ڈوبا جو 114رنز بنا کر حسن علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ حسن علی نے ڈیبیو بوائے یاسر علی کو بھی صرف چار رنز بنانے کی اجازت دی اور پھر فہیم اشرف نے مشفق الرحیم کو 91 رنز پر رخصت کردیا۔مہدی حسن میراز نے اگرچہ چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 38 اور تیج الاسلام نے 11رنز کا اضافہ کیا مگر آخری چھ وکٹیں 75رنز پر گنوا کر بنگلہ دیشی ٹیم 330 رنز پر محدود ہو گئی۔حسن علی نے پانچ جبکہ شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے تجربہ کار عابدعلی کے ساتھ پاکستان کو جواب میں مستحکم آغاز فراہم کیا اور چائے کے وقفے تک سکور 79 تک لے گئے جبکہ آخری سیشن میں دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کر کے خراب روشنی کے باعث پویلین کیلئے قدم بڑھائے تو مجموعی سکور 145تک جا پہنچا تھا ،عابد علی 93اور عبداللہ شفیق 52 پر کھیل رہے ہیں اور 185رنز کا خسارہ باقی رہ گیا ہے ۔واضح رہے کہ عابدعلی اپنی اننگز کے دوران تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے چوتھے پاکستانی بھی بن گئے جنہوں نے توفیق عمر کی طرح 24 اننگز میں اس اعزاز تک رسائی ممکن بنائی البتہ سعید انور 20،صادق محمد 22 اور جاوید میانداد 23 اننگز میں یہی مرحلہ طے کر کے ابتدائی تین پوزیشنوں پر قابض ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں