قائداعظم ٹرافی:ساتویں مرحلے کے میچز کا آج سے آغاز

قائداعظم ٹرافی:ساتویں مرحلے کے میچز کا آج سے آغاز

انٹرنیشنل فرائض نبھانے کے بعد ’’وائٹ بال اسٹارز‘‘بھی ایکشن میں نظر آئیں گے

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)قائد اعظم ٹرافی کا ساتواں راؤنڈ آج سے شہر قائد کے تین مراکز میں شروع ہوگا تو مقابل آنے والی چھ ٹیموں میں انٹرنیشنل فرائض نبھانے کے بعد وائٹ بال اسٹارز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔مقابلوں میں 80 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست سندھ کی ٹیم اسٹیٹ بینک گراؤنڈ پر چوتھے نمبر کی ٹیم خیبرپختونخوا کا مقابلہ کرے گی تو اسے شاہنواز ڈاہانی اور شرجیل خان کی خدمات بھی حاصل ہوں گی جبکہ افتخار احمد ایک مرتبہ پھر خیبر پختونخوا کی کپتانی سنبھالیں گے ۔عمران بٹ کی دستبرداری کے بعد بسم اللہ خان یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر سدرن پنجاب کیخلاف بلوچستان کی قیادت کریں گے تو انہیں عمر اکمل اور شان مسعود کا ساتھ بھی حاصل ہوگا جبکہ ذیشان اشرف سدرن پنجاب کی نمائندگی کریں گے جو ایک ناکامی کے بعد 74 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ سے تیسرے نمبر پر کھسک گئی ہے ۔نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس پر 76 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود سینٹرل پنجاب کی ٹیم وکٹ کیپر علی شان اور فاسٹ بالر احمد بشیر کا سہارا لے گی جبکہ مقابل سائیڈ ناردرن کو حیدرعلی اور حارث رؤف جوائن کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں