چٹاگانگ ٹیسٹ:قومی اوپنرز کی سنچری شراکت،گرین شرٹس فتح کے قریب
بنگلا دیش دوسری اننگز میں157رنز پر ڈھیر،قومی ٹیم کے بغیر نقصان 109رنز ،آخری روز جیت کیلئے 93رنز درکار عابدعلی 56اور عبداللہ شفیق 53رنز بنا کر ناقابل شکست ، شاہین نے 5،ساجد 3اور حسن نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
چٹاگانگ(سپورٹس ڈیسک)چٹاگانگ ٹیسٹ میں پاکستان نے باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث گرفت مضبوط کرلی۔قومی ٹیم نے 202رنز ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 109رنز بنا لئے ہیں،پاکستان کو میچ کے آخری روز جیت کیلئے 93رنز درکار ہیں اور اسکی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔عابدعلی 56اور عبداللہ شفیق 53رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔قبل ازیں بنگلا دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں157رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5،ساجد خان نے 3اور حسن علی نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔گزشتہ روز چٹاگانگ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلا دیش نے 39رنز پر 4کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔بنگلا دیش کی پوری ٹیم 157رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پہلی اننگز کی 44رنز کی برتری شامل کرنے کے بعد پاکستان کو میچ میں جیت کیلئے 202رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے ایک مرتبہ پھر سنچری شراکت کی۔ میچ کے چوتھے دن جب خراب روشنی کے سبب کھیل جلدی ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 109رنز بنائے تھے ۔عابد 56اور عبداللہ شفیق 53رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔