ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے مجھے اعتماد ملا ہے :عابد علی

ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے مجھے اعتماد ملا ہے :عابد علی

دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی اسی مومینٹم کو لے کر چلوں گا، ٹوئٹر پر ویڈیو بیان

چٹاگانگ (سپورٹس ڈیسک)چٹاگانگ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر عابد علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں عابد علی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا ہوا آرہا ہوں، پر اعتماد تھا اور ایک اچھی پارٹنر شپ ہی لگانی تھی۔انہوں نے کہا کہ مین آف دی میچ قرار دئیے جانے کی بہت خوشی ہے جس کا کریڈٹ ڈومیسٹک میں کھیلنے کو جاتا ہے ، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے مجھے اعتماد ملا ہے ، پہلی اننگز میں سنچری مکمل کی مگر دوسری میں نہ کر سکا جس کا افسوس ہے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے اور خوشی ہے کہ ہم میچ جیت گئے ۔عابد علی نے کہا کہ آئی سی سی مینز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہمارے لیے بڑی اہم ہے ، پہلا ٹیسٹ ہم نے جیت لیا ہے اور اب دوسرے ٹیسٹ میچ کو دیکھ رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں اوپر کی طرف بڑھتے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے میچ میں بھی اسی مومینٹم کو لے کر چلوں گا، یہ پرفارمنس اب ماضی کا حصہ بن چکی جس کے بعد اب ڈھاکہ میں بھی مثبت مائنڈ سے کھیلنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں