انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ کا آج سے ویسٹ انڈیز میں آغاز

انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ کا آج سے ویسٹ انڈیز میں آغاز

پراویڈنس(اسپورٹس ڈیسک)انڈر 19 ورلڈ کپ کا آج سے ویسٹ انڈیز میں آغاز ہو رہا ہے جس کے دوران آئی سی سی نے شریک 16 ٹیموں کیلئے بائیو سیکیور ببل میں سختی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے افغان ٹیم کی تاخیر سے آمد کے سبب گروپ سی کا شیڈول بھی تبدیل کردیا جس کے باعث پاکستانی ٹیم کی پلاننگ میں بھی تبدیلی آئے گی۔

ایونٹ کے افتتاحی روز پراویڈنس میں میزبان ملک ویسٹ انڈیز کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ جارج ٹاؤن میں اسکاٹ لینڈ کو سری لنکا کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف آلرڈائس نے سخت بائیو سیکیور ببل کے نفاذ سے انکار کے ساتھ واضح کردیا کہ وہ نوجوان پلیئرز کو لطف اٹھانے کا تجربہ فراہم کرنا چاہتے ہیں البتہ انہیں اس آزادی اور وائرس سے مبتلا ہونے کے خطرات میں خود توازن پیدا کرنا ہوگا۔

ویزا مسائل کے باعث افغان ٹیم کی تاخیر سے آمد کے باعث گروپ سی کی شیڈولنگ میں تبدیلی کی گئی ہے اور افغانستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ 16کے بجائے 18جنوری کو پاپوا نیوگنی کیخلاف کھیلے گی جبکہ زمبابوے اور پاپوا نیوگنی کا 20 جنوری کو شیڈول میچ کل کھیلا جائے گا اور پاکستانی ٹیم اپنی مہم جوئی 17جنوری کو زمبابوے کیخلاف شروع کرے گی ورنہ یہ میچ 22 جنوری کو شیڈول تھا۔ پاکستان کا 15 جنوری کو پاپوانیوگنی کیخلاف شیڈول مقابلہ اب 22 جنوری کو جبکہ افغانستان کیخلاف 20 جنوری کو ہوگا جبکہ افغانستان کا زمبابوے کیخلاف میچ 16 کے بجائے 22 جنوری کو ہوگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں