آسٹریلین ٹیسٹ سکواڈ پاکستان کا دورہ کریگا،پیٹ کمنز پر امید
سڈنی(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے رواں برس آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مثبت پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے کہ آسٹریلین ٹیسٹ سکواڈ کے اکثر کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے ۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ پر مشتمل سیریز رواں سال مارچ اور اپریل میں کھیلی جائے گی ۔پیٹ کمنز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ابھی اس حوالے سے کچھ کام ہونا باقی ہے لیکن ابھی تک چیزیں بہت مثبت لگ رہی ہے ، پی سی بی نے اس حوالے سے بہت محنت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اگر تمام نہیں تو اکثر کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے ۔
اگر کچھ کھلاڑیوں کو دورے کے حوالے سے فیصلہ لینا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں تاہم ابھی اس حوالے سے مزید معلومات اکٹھا کر کے حتمی فیصلہ کرنا باقی ہے ۔آسٹریلین ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ کووڈ کو دوسال گزرنے کی وجہ سے ہم کافی کچھ سیکھ چکے ہیں، یہ غیرمعمولی حالات ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ۔