آئی سی سی ٹیموں میں شمولیت،قومی کرکٹرزکوکارکردگی کا صلہ ملنے لگا

آئی سی سی ٹیموں میں شمولیت،قومی کرکٹرزکوکارکردگی کا صلہ ملنے لگا

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی کرکٹرز کو انٹرنیشنل کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا صلہ آئی سی سی کی منتخب ٹیموں میں شمولیت کی صورت میں ملنے لگا اور تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی پلیئرز کا تینوں فارمیٹس کیلئے انتخاب کرلیا گیا۔

گزشتہ روز آئی سی سی نے سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کے فواد عالم،حسن علی اور شاہین آفریدی کونیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی زیر قیادت ٹیسٹ الیون میں سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے ،بھارت کے روہیت شرما ،روی چندرن ایشوین اور رشبھ پنت،آسٹریلیا کے مارنوس ،انگلینڈ کے جو روٹ اور نیوزی لینڈ کے کائیل جیمیسن کے ساتھ شامل کیا گیا ہے ۔

سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں بابر اعظم کی شمولیت بطور کپتان ہوئی جنہوں نے اگرچہ صرف چھ میچز کھیلے مگر 67.50 کی اوسط سے 405 رنز میں دو سنچریاں بھی سکور کیں جبکہ ان کے ساتھ فخر زمان نے بھی گزشتہ برس چھ میچوں میں 60.83 کی اوسط سے دو سنچریوں سمیت 365 رنز بنائے جس کے سبب انہیں آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ اور سیمی سنگھ،جنوبی افریقہ کے جانیمن ملان اور ریسی فان ڈیر ڈوسین،بنگلا دیش کے شکیب الحسن،مشفق الرحیم اور مستفیض الرحمن کے علاوہ سری لنکا کے وانندو ہسارنگا اور دشمنتھا چمیرا کے ساتھ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔

سال کی بہترین ویمن ون ڈے ٹیم میں پاکستان کی فاطمہ ثناء کی شمولیت بھی کسی اعزاز سے کم نہیں جو پچھلے برس مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 20 وکٹوں اور 132رنز کی بنیاد پر اس الیون میں شامل ہوئیں جس میں جنوبی افریقہ کی لیزل لی،شبنم اسماعیل اور مریزانے کیپ،آسٹریلیا کی الیسا ہیلی،انگلینڈ کی ٹیمی بیومونٹ اور ہیتھر نائٹ،ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوزاور انیسہ محمد جبکہ بھارت کی میتھالی راج اور جھولن گوسوامی بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے تینوں فارمیٹس کی ٹیموں میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی کھلاڑی شامل ہوئے ۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں