لاہور قلندرز کا موڈ اس مرتبہ الگ ہی نظر آئے گا،شاہین آفریدی

لاہور قلندرز کا موڈ اس مرتبہ الگ ہی نظر آئے گا،شاہین آفریدی

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سیون میں لاہور قلندرز کا موڈ اس مرتبہ الگ ہی نظر آئے گا جبکہ شاہد آفریدی نے بالنگ پر منفی اثرات کی وجہ سے قیادت سے منع کیا تھا۔

گزشتہ روز ورچوئل پریس کانفرنس میں شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ان پر قیادت کا اضافی دباؤ نہیں ہے اور نہ کسی قسم کا پریشر لیا جائے گا بلکہ وہ بالنگ پر بھی بھرپور توجہ دیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے ان کی کافی ہمت افزائی کی اور ان کی دی جانے والی ٹپس بھی کارآمد ثابت ہوں گی البتہ یہ وضاحت ضروری ہے کہ انہوں نے قیادت سنبھالنے سے منع اس وجہ سے کیا تھا کہ کہیں کپتانی کا بوجھ بالنگ پر اثر انداز نہ ہو جائے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایک فاسٹ بالر اچھا کپتان ثابت ہوتا ہے ۔

شاہین آفریدی کے مطابق کراچی اور لاہور کا میچ ہمیشہ ہی اچھا ہوتا ہے جس سے شائقین بھرپور لطف اٹھاتے ہیں البتہ وہ بابر اعظم کا سامنا کرنے کو تیار ہیں جو اچھی کپتانی کررہے ہیں اور خواہش ہے کہ وہ اگلے دس سال تک قیادت کرتے رہیں تاہم کبھی انہیں پاکستان کی کپتانی کے قابل سمجھا گیا تو یہ بہت بڑا اعزاز ہوگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں