پی ایس ایل:پی سی بی محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم
کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام پی ایس ایل سیون میں محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ 250 افراد کی ٹیسٹنگ میں تین کھلاڑیوں اور پانچ سپورٹ اسٹاف ارکان کا نتیجہ مثبت آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پری ارائیول کوویڈ ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آنے پر تمام فرنچائز کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے افراد کا ہوٹل میں چیک ان کا سلسلہ جاری رہا اور ڈائریکٹر پی ایس ایل سلمان نصیر نے اس بات کی تصدیق کردی کہ 250 افراد کی کوویڈ ٹیسٹنگ کے بعد تین کھلاڑیوں اور پانچ سپورٹ اسٹاف ارکان کا رزلٹ مثبت آیا ہے جبکہ باقی کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف میں شامل افراد آئسولیشن کی مدت مکمل کرنے کے بعد ٹیسٹنگ کے دو منفی نتائج کے بعد 24 جنوری سے ٹریننگ شروع کردیں گے ۔
ذرائع کے مطابق مقامی ہوٹل کے عملے میں چالیس کے لگ بھگ افراد بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں جن کو ان کے گھروں پر آئسولیٹ کردیا گیا ہے تاہم احتیاطی طور پر ان کی مزید ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔سلمان نصیر کے مطابق غیر معمولی صورتحال میں مزید کوویڈ متاثرین سامنے آسکتے ہیں لیکن وہ ٹورنامنٹ میں شریک افراد کیلئے محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں اور انہوں نے 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کی فائنل تک تکمیل کیلئے موثر پروٹوکولز تیار کر رکھے ہیں۔