آسٹریلین اوپن:اعصام الحق کا مینز ڈبل ایونٹ میں سفر ختم

آسٹریلین اوپن:اعصام الحق کا مینز ڈبل ایونٹ میں سفر ختم

میلبورن(سپورٹس ڈیسک)سال کے پہلے گرینڈسلام ایونٹ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے قازقستان کے پارٹنر الیکسینڈر نیڈوویسوف کا سفر مینز ڈبل مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ختم ہو گیا ۔

جب انہیں کوریا کے کوون سون وو اور امریکا کے مارکوس گیرون پر مشتمل جوڑی نے ایک،چھ، چھ،تین اور سات،چھ سے مات دے دی۔اعصام الحق نے جاپانی ساتھی ماکوتو نینومیا کے ساتھ مل کر مکسڈ ڈبل ایونٹ کا پہلا مرحلہ پار کرلیا جب انہوں نے امریکا کے آسٹن کرائیچیک اور جیسیکا پیگولا پر مشتمل جوڑی کو چھ،چار اور چھ،تین سے ہرا دیا۔

مینز سنگل میں روس کے ڈینیئل میڈیڈیو،آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینار،کروشیا کے مارین کلک،کینیڈا کے فیلکس آگر ایلیاسیمے ،اٹلی کے یانیک سنر ، یونان کے سٹیفانوس سٹسیپاس اور امریکا کے ٹیلر فرٹز چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ آندرے روبلیف،ڈینیئل ایوانز اور رابرٹو بوٹسٹا اگٹ شکست کھا گئے ۔

ویمنز سنگلز کے تھرڈ راؤنڈ میں کامیابی کے بعد پولینڈ کی ایگا سوائٹک،بیلاروس کی آرینا سبالینکا،ایسٹونیا کی کائیا کنیپی،رومانیہ کی سیمونا ہالیپ اور سورانا کرسٹی،بیلجیئم کی ایلیس میرٹینز،امریکا کی ڈینیئل کالنز اور فرانس کی الیزے کورنیٹ چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئیں تاہم اناستاسیا پیولی چینکوا، ڈاریا کساٹکینا، مارکیٹا ونڈوروسووا اور تمارا زیڈانسیک مات کھا گئیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں