پی ایس ایل 7،افتتاحی میچ کے تمام ٹکٹ فروخت

پی ایس ایل 7،افتتاحی میچ کے تمام ٹکٹ فروخت

لاہور،کراچی(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل سیزن 7 کے افتتاحی میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے، 25فیصد شائقین کی گنجائش مکمل ہونے پر ویب سائٹ کی ونڈو بند لیکن دیگر میچوں کی ٹکٹیں دستیاب ہیں، پشاور زلمی کے تمام ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ،فرنچائز حکام ریزرو پول کی فہرست میں ردو بدل اور چیف سلیکٹر کے مشورہ نہ کرنے پر برہم ہیں۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں27جنوری کو شیڈول دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان افتتاحی میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے اور این سی او سی کی جانب سے کوویڈ کے پھیلاؤ کے پیش نظر 25 فیصد شائقین کی اجازت مکمل ہوتے ہی ویب سائٹ نے ونڈو بند کردی البتہ دیگر میچوں کی ٹکٹیں بدستور دستیاب ہیں۔

کوویڈ کے خطرات سے بچاؤ کیلئے متبادل پلان مرتب کئے جانے کے باوجود ایونٹ کے انعقاد سے متعلق مختلف منفی خبریں بھی گردش میں ہیں مگر مثبت پہلو یہ ہے کہ سیزن 7 کیلئے پشاور زلمی کے شیرفانے ریدرفورڈ،میٹ پارکنسن،حضرت اللہ زازئی،ٹام کوہلر کیڈمور اور پیٹ براؤن کے علاوہ تمام پاکستانی کھلاڑی بھی پہنچ گئے البتہ بین کٹنگ کی بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کے ثاقب محمود اور لیام لیونگ سٹون کی ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے بعد آمد ہو گی۔

فرنچائز حکام نے ساتویں ایڈیشن کیلئے ریزرو پول فہرست میں ردو بدل پر برہمی کا اظہار کرنے کے ساتھ گلہ بھی کیا ہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ان سے مشورہ کرنے کی زحمت تک نہیں کی حالانکہ انہیں اس بابت مطلع کرنا چاہئے تھا۔واضح رہے کہ فرنچائز کے نمائندوں نے مشاورت کے بعد امام الحق،زاہد محمود،عمیر بن یوسف اور سعود شکیل سمیت پندرہ کھلاڑیوں کے نام پی سی بی کو دیئے تھے مگر آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے لاہور میں لگائے جانے والے کیمپ کے پیش نظر چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ان چاروں کی جگہ مصدق احمد،سلمان علی،خالد عثمان اور عمر امین کے نام فہرست میں شامل کردئیے جن کو ہنگامی صورتحال میں بطور متبادل کھلانا فرنچائز کی مجبوری ہوگی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں