آسٹریلین اوپن:ایشلے بارٹی اور ڈینیئل کالنز فائنل میں مقابل
میلبورن(اسپورٹس ڈیسک)سال کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کے ویمنز سنگل فائنل میں ایشلے بارٹی اور ڈینیئل کالنز مقابل آئیں گی۔
گزشتہ روز سیمی فائنل مرحلے میں ٹاپ سیڈ آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے امریکی حریف میڈیسن کیز کو چھ، ایک اور چھ،تین سے ٹھکانے لگا کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ امریکا کی ڈینیئل کالنز سے ہوگا جنہوں نے نمبر سات سیڈ پولینڈ کی ایگا سوائیٹک کو چھ،چار اور چھ،ایک سے شکست دے دی۔مینز ڈبل مقابلوں میں حیران کن طور پر آل آسٹریلین فائنل کا اہتمام ہو گیا۔
جہاں نک کیرگیوس اور تھاناسی کوکیناکس کا مقابلہ میکس پورسیل اور میتھیو ایبڈن سے ہوگا جنہوں نے بالترتیب نمبر تین سیڈ جوڑی ارجنٹائن کے ہوراشیو زیبالوس اور اسپین کے مارسیل گرینولرز جبکہ نمبر دو سیڈ پیئر برطانیہ کے جو سالسبری اور امریکا کے راجیو رام کا صفایا کر ڈالا۔