پی ایس ایل سیزن آٹھ کیلئے نئی ٹرافی کی رونمائی کا فیصلہ
لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ سیزن آٹھ کیلئے پی سی بی نے نئی ٹرافی کی رونمائی کا فیصلہ کرلیا جس کے مطابق لاہور کے شالیمار باغ میں 9 فروری کو خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستانی لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز 13 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
جہاں میزبان ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل 9 فروری کو لاہور کے شالیمار باغ میں نئی ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی جس کو پاکستان اور اس کی کرکٹ کے حوالے سے بہتر نمائندگی کیلئے نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں ایونٹ میں شریک تمام چھ ٹیموں کے کپتان اور پی سی بی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی بھی موجود ہوں گے ۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈیزائن کے مطابق تیار کی گئی ٹرافی 19 مارچ کو آٹھویں ایڈیشن کے فاتح کپتان کو دی جائے گی جبکہ گزشتہ سات ایڈیشنز کے دوران استعمال کی جانے والی ٹرافی اب موجود نہیں ہوگی۔شالیمار باغ میں 9 فروری کو شیڈول تقریب میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے کپتان موجود ہوں گے تاہم کوشش یہی ہوگی کہ تمام چھ کپتانوں کو تقریب میں مدعو کیا جا سکے تاہم آٹھویں ایڈیشن کیلئے افتتاحی تقریب 13 فروری کو ملتان میں ہی ہوگی جسے ایک بڑے ایونٹ کے طور پر پرجوش سرگرمیوں کے ساتھ پیش کرنے کی پلاننگ کی جا رہی ہے ۔