قومی اوپننگ بیٹرز پی ایس ایل میں جارحانہ انداز کیلئے تیار

قومی اوپننگ بیٹرز پی ایس ایل میں جارحانہ انداز کیلئے تیار

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ میں بطور اوپننگ بیٹرز کھیلنے والے فخر زمان،شرجیل خان اور محمد حارث جارحانہ انداز اختیار کرنے کیلئے تیار ہیں جنہوں نے ابتدائی چھ اوورز میں مار دھاڑ کا ارادہ ظاہر کردیا ہے ۔

فخر زمان کا پی سی بی پوڈکاسٹ میں کہنا تھا کہ بطور اوپنر وہ ابتدائی چھ اوورز میں تیس گز کے دائرے سے باہر کھڑے دو فیلڈرز میں گیپ تلاش کر کے پہلی بال سے باؤنڈریز کی کوشش کریں گے جبکہ اچھی گیندوں پر بھی اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کی کوشش رہے گی کیونکہ انہیں بخوبی علم ہے کہ جارحانہ ذہنیت بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔مارچ میں 22 ویں سالگرہ کے منتظر محمد حارث کا کہنا تھا کہ کھیل پر متوجہ رہتے ہوئے وہ فیلڈ کا جائزہ لیتے رہتے ہیں تاکہ انہیں علم ہو جائے کہ اپنے شاتس کی پلاننگ کیسے کرنی ہے اور شکر ہے کہ وہ اپنی کوشش میں 80 فیصد تک کامیاب رہتے ہیں۔محمد حارث کے مطابق کسی بھی بالر پر اٹیک اور جارحانہ انداز اپنانے کیلئے مضبوط اور ٹھوس تیکنیک درکار ہوتی ہے جس کیلئے وہ کسی بھی حریف کو خاطر میں لائے بغیر اس پر حکمرانی کی کوشش کرتے ہیں۔پی ایس ایل میں اولین سنچری بنانے والے شرجیل خان اپنے چھکوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں جن کی پاور پلے میں بیٹنگ کمال کا درجہ رکھتی ہے ۔ شرجیل خان کے مطابق کوئی بھی میچ ابتدائی چھ اوورز کے دوران 70 سے 80 فیصد تک اپنے رخ کا تعین کردیتا ہے اور زیادہ باؤنڈریز لگانے والی ٹیم ہی کامیابی حاصل کرتی ہے یہ انہوں نے پی ایس ایل میں سیکھا ہے اور وہ ابتدائی چھ اوورز میں ایسا ہی کرتے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں