پی سی بی سے بلوچستان میں مزید میچز کرانے کی درخواست
کوئٹہ (اسپورٹس ڈیسک ) بلوچستان میں مزید کرکٹ میچز کرانے کی درخواست کردی گئی ۔
بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم پر پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ نمائشی مقابلے کا کامیاب انعقاد ملک دشمن عناصر کیلئے واضح پیغام ہے کہ صوبے میں امن آچکا ہے اور لوگ بد امنی پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں، پی سی بی کو بھی چاہئے کہ کوئٹہ میں مقابلوںکے مسلسل انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کے بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ پر نمائشی میچ کو ترجیح دینے پر مشکور ہیں۔ یہ کسی ٹیم کی نہیں بلکہ پاکستان، بلوچستان اور کشمیر کاز کی فتح ہے ، ہر فرد جذبہ حب الوطنی سے سرشار نظر آیا ۔قائم مقام گورنر میر جان محمد خان جمالی نے کہا کہ کھیلوں کی ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے بلوچستان کے نوجوانوں کو نہ صرف اچھا پیغام مل رہا ہے بلکہ ثقافتی گھٹن میں بھی کمی آئے گی۔