آسٹریلیا کی کنڈیشنز مد نظر رکھ کر ٹیم منتخب کی ،وہاب ریاض

 آسٹریلیا کی کنڈیشنز مد نظر رکھ کر ٹیم منتخب کی ،وہاب ریاض

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا ٹیم کا سلیکشن پر کہنا ہے کہ ٹیم آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے منتخب کی گئی ہے ۔ وہاں کی پچز کو ذہن میں رکھتے ہوئے۔۔

 تیز بالرز زیادہ ٹیم میں رکھے گئے ہیں تاکہ تین ٹیسٹ میچوں میں کامبی نیشن تیار کرنے میں آسانی رہے ۔انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ،ان کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ مزید مضبوط ہوگی جو پہلے ہی مضبوط ہے ۔ پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اس سال سری لنکا میں جیت سے کیا ہے اور امید ہے کہ ٹیم آسٹریلیا میں بھی اس مومینٹم کو برقرار رکھے گی۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ سلیکشن میں وہ تمام ضروری وسائل شامل کیے جائیں جن سے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد مل سکے ۔پاکستان کا سکواڈ 22 نومبر کو ٹریننگ کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا یہ کیمپ 23 سے 28نومبر تک پنڈی سٹیڈیم میں جاری رہے گا،ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے روانہ ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ کے لیے چند اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا ہے ان میں ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر شامل ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں