قومی پرچم ،ترانے کی گونج ،ارشد نے گولڈمیڈل گلے میں سجالیا
پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پیرس میں ہونے والی تقریب میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپکس ریکارڈ قائم کرنے پر گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا ۔ایفل ٹاور کے قریب ہونے والی اس تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا ۔۔
اور قومی ترانہ کی دھن بجائی گئی ۔جیولین تھرو فائنل کی میڈل تقسیم کی تقریب میں انڈیا کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا۔تینوں کھلاڑیوں نے وکٹری سٹینڈ پر اپنے میڈلز وصول کئے ۔پیرس اولمپکس میں کوالیفکیشن راؤنڈ میں انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا اپنی 89.34 میٹر کی تھرو کی بدولت پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ ارشد ندیم 86.59 میٹر کی تھرو کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر تھے ۔قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہاہے کوچ سلمان اقبال بٹ کی انتھک محنت اور ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی حمایت سے میں یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب رہا، سب کا بہت شکریہ۔ایک ٹی وی انٹرویو میں ان کاکہناتھاکہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کرکے گولڈ میڈل جیتنے کی خوشی کی وجہ سے نیند نہیں آ رہی ، مبارکبادیں لے رہا ہوں اور دے رہا ہوں۔ تاریخی جیت کے بعد ارشد ندیم کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ، جس میں انہیں خوشی کے آنسو بہاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ اس دوران وہ اپنے کوچ کے گلے لگ کر پھوٹ پھوٹ کر روپڑے ۔