ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ : پاکستان کا آج پہلا وارم اپ میچ

 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ : پاکستان  کا آج  پہلا  وارم  اپ  میچ

دبئی (سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کا آغازآج سے ہو گا ، میگا ایونٹ سے قبل ہر ٹیم 2، 2 وارم اپ میچ کھیلے گی۔۔

 پاکستان اپنا پہلا وارم اپ میچ آج دبئی میں سکاٹ لینڈ اور دوسرا 30 ستمبر کو بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔ گزشتہ روز قومی ٹیم نے دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کی جبکہ سابق کپتان اور ساتواں ورلڈ کپ کھیلنے والی ندا ڈار نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی اچھی تیاری کی ہے ، ملتان میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے میگا ایونٹ کی تیاری کا موقع ملا۔ متحدہ عرب امارات میں گرمی ہے جو پاکستان کی کنڈیشن کے مطابق ہے ، یہاں کی وکٹیں سپنرز کو مدد کریں گی، کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ میں ٹیم اچھے نتائج دے ۔ ہمارے پاس سعدیہ اقبال، نشرح سندھو جیسی اچھی سپنرز ہیں اور میں خود بھی سپن بولنگ آل راؤنڈر ہوں، ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز سے بھی تیاری کو مدد ملے گی۔علاوہ ازیں فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل فٹنس کیمپ لگا تھا جہاں فٹنس پر اچھا کام ہوا، ملتان میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اچھی رہی۔ سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاری ہوئی، فاسٹ بولر کوچ جنید خان کے ساتھ فاسٹ بولنگ یونٹ بہتر ہو رہا ہے ۔ علاوہ ازیں دوسرا وارم اپ میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی خواتین ٹیموں کے درمیان دبئی میں ہی کھیلاجائیگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں