گریڈ ٹو میں شریک ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی فیس میں اضافہ
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے گریڈ ٹو میں شریک ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی فیس کئی گنا بڑھا دی۔کرکٹ بورڈ نے لیٹر جاری کر کے گریڈ ٹو ٹیموں کے لیے نئے قواعد سے آگاہ کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ لیٹر کے مطابق پرائیویٹ ٹیموں کی رجسٹریشن فیس 5 لاکھ سے 35 لاکھ روپے کر دی گئی۔سالانہ فیس بھی 5 لاکھ سے بڑھ کر 30 لاکھ روپے کر دی گئی جبکہ سرکاری اور سروسز ٹیموں کی رجسٹریشن فیس 7 لاکھ روپے مقرر ہے ۔لیٹر میں بتایا گیا ہے کہ جو ادارہ ٹیم بنائے گا اسے پی سی بی کے قوانین پرعمل درآمد کرنا ہو گا، ٹیموں میں کھلاڑیوں کی تنخواہ کم از کم 50 ہزار روپے ہونی چاہیے ۔
پی سی بی کے مطابق ٹیموں کے اپنے گراؤنڈ ہونے چاہئیں، جہاں ٹرف پچ موجود ہو، ٹیموں کا کوچ لیول ون کوچنگ کورس کوالیفائیڈ ہونا چاہیے ۔ذرائع کے مطابق گریڈ ٹو میں ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فیصلے کیے گئے ہیں، ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں اپنا معیار نہیں بڑھائیں گی تو معیاری کرکٹ ممکن نہیں ہو گی۔