چیمپئنز ٹرافی ، پاکستان موقف پر قائم ، آئی سی سی اجلاس آج تک ملتوی

 چیمپئنز ٹرافی  ، پاکستان  موقف  پر قائم  ،  آئی سی سی اجلاس  آج  تک  ملتوی

دبئی (سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کیلئے گزشتہ روز ہونے والا اہم اجلاس آج تک کیلئے ملتوی ہوگیا۔

ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا یا نہیں، اس سلسلے میں بورڈ ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق 15منٹ کیلئے ہونے والے آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز میٹنگ میں فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں، جن پر آج ہونے والے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کے اہم اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت کئی ممالک کے بورڈ سربراہان موجود تھے جبکہ دیگر نے وڈیو کال کے ذریعے میٹنگ کو جوائن کیا۔اجلاس میں پاکستان نے مکمل ایونٹ کی میزبانی اپنے ملک ہی میں کرنے پر زور دیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل کی ایک بار پھر مخالفت کی۔ اس موقع پر آئی سی سی نے بعض تجاویز بھی پیش کیں، جن پر ابتدائی تبادلہ خیال کے بعد معاملہ آج تک مؤخر کردیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارتی بورڈز پیش کردہ تجاویز پر اپنی حکومتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے تاکہ فیصلے میں آسانی ہو۔دوسری جانب آئی سی سی کی کوشش ہے کہ فریقین کے لیے قابل قبول حل پیش کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی سربراہ گریگ بارکلے سے ملاقات کی اورآئی سی سی کو پی سی بی اور وفاقی حکومت کا مؤقف پیش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں