چیمپئنز ٹی 20 کپ آج سے شروع ، ٹرافی کی رونمائی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)بحریہ ٹائون چیمپئنز ٹی ٹونٹی کپ کا آغازآج سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا،25 دسمبر تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے تمام میچز پنڈی سٹیڈیم میں ہونگے ، پانچ ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہونگے ۔
ٹورنامنٹ میں 19 دنوں میں 22 میچز کھیلے جائیں گے ، جن میں چھ ڈبل ہیڈر اور آٹھ سنگل ہیڈر شامل ہیں ۔ٹورنامنٹ کا آغازآج ڈبل ہیڈر سے ہوگا،صبح گیارہ بجے امام الحق کی قیادت میں نورپور لائنز کا پہلا میچ افتخار احمد کی یوایم ٹی مارخورز سے ہوگا جبکہ سہ پہر ساڑھے تین بجے دوسرے میچ میں محمد حارث کی الائیڈ بینک سٹالینز کا مقابلہ شاداب خان کی زیرقیادت لیک سٹی پینتھرز سے ہوگا۔ڈبل ہیڈر والے میچز صبح 11 بجے اور دوپہر 3.30 بجے شروع ہونگے جبکہ سنگل ہیڈر والے میچ دوپہر 12 بجے شروع ہونگے ۔ پانچ ٹیمیں اے بی ایل سٹالینز، اینگرو ڈولفنز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز اور یوایم ٹی مارخورز ڈبل لیگ فارمیٹ میں مقابلہ کریں گی، ہر ٹیم دوسری ٹیم سے دو بار کھیلے گی۔ لیگ مرحلے سے سرفہرست ٹیم 25 دسمبر کے فائنل میں پہنچ جائیگی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں کوالیفائر میں حصہ لیں گی۔دوسری طرف پنڈی سٹیڈیم میں چیمپینز ٹی ٹونٹی کپ ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، جس میں پانچوں ٹیموں کے کپتانوں اور مینٹورزنے شرکت کی اور پریس کانفرنس بھی کی ۔