چیمپئنز کپ:پینتھرز نے ڈولفنز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)بحریہ ٹائون چیمپئنز ٹی ٹونٹی کپ کے تیسرے میچ میں لیک سٹی پینتھرز نے اینگرو ڈولفنز کو8 وکٹوں سے شکست دیدی، اس میچ کی خاص بات عمر صدیق کے جارحانہ 78 رنز ناٹ آئوٹ تھے جو ان کا ٹی ٹونٹی میں سب سے بہترین انفرادی سکور بھی ہے ۔
پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پینتھرز کو شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں تھیں جو کمر کی تکلیف کے سبب پہلے میچ میں بیٹنگ نہیں کرپائے تھے ، ان کی جگہ حیدرعلی نے کپتانی کی اور ٹاس جیت کر اینگلو ڈولفنز کو بیٹنگ دی۔ ڈولفنز نے 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے ۔جواب میں پینتھرز نے 16 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ڈولفنز کی تین وکٹیں صرف 35 رنز پر گرگئی تھیں، صاحبزادہ فرحان 12 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جس کے بعد محمد ابتسام نے اپنے پہلے ہی اوور میں سلمان خان جونیئر(7)اور کپتان عمرامین(صفر)کو وکٹ کیپر عمرصدیق کے ہاتھوں کیچ کراکر ڈولفنز کی مشکلات بڑھادیں۔محمد ہریرہ نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد سلیمان نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز بنائے ، ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 40 رنز کا اضافہ کیا لیکن عماد بٹ نے ان دونوں کے ساتھ ساتھ ثاقب خان کو بھی آئوٹ کردیا جس کے بعد غازی غوری کے تین چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز اور شایان شیخ کے چار چوکوں کی مدد سے 20 رنز کی وجہ سے ڈولفنز160 تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔عماد بٹ نے 19 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔محمد ابتسام نے 2 کھلاڑی آئوٹ کیے ۔پینتھرز کو بھی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ۔ عمرصدیق اور کپتان حیدرعلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 101 رنز کا اضافہ کیا۔عمرصدیق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز سکور کیے اور آئوٹ نہیں ہوئے ۔ حیدرعلی نے 46 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ۔ مبصرخان ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔عمر صدیق پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔آج اے بی ایل سٹا لینز کا مقابلہ نور پور لائنز سے ہوگا۔