پاکستان کو آج ٹی 20 سیریز بچانے کا چیلنج درپیش
سنچورین (سپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج سپر سپورٹس پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شرو ع ہوگا ،جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے اورپاکستان کو آج سیریز بچانے کاچیلنج درپیش ہوگا،قومی ٹیم کی قیادت وکٹ کیپربیٹر محمد رضوان کر جبکہ پروٹیز ٹیم کو ہینرک کلاسن لیڈ کرینگے ۔گزشتہ روز قومی کھلاڑیوں نے سنچورین میں بھرپورپریکٹس کی ،کھلاڑی باؤلنگ ،بیٹنگ اورفیلڈنگ کرکے خودکوگرماتے رہے ،علاوہ ازیں آج میچ سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور انکے اہم فاسٹ بالر اینرک نورکیا انجری کے باعث ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی بالر کو بائیں پیر کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث آرام کا مشورہ دیا گیا ہے ۔نورکیا کے سکینز میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مزید علاج کیلئے سپیشلسٹ سے رجوع کرینگے ۔دوسری جانب ڈایان گلیم کو نورکیا کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ باقی دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے ۔