پی ایس ایل 10کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو اب کھل گئی ہے ۔
کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان منگل 17 دسمبر کو کیا جائے گا۔اس سلسلے میں پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا عمل رواں ماہ کے دوران کیا جائے گا۔ پی ایس ایل پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہونا ہے جس کے مقام اور وقت کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔ سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہاہے کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ یہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کی تیاریوں کا ایک دلچسپ آغاز ہے ۔ پی ایس ایل ایک ایسا برانڈ ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے ۔ 2016 میں اپنے قیام کے بعد سے فرنچائز مالکان، تجارتی شراکت داروں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ہم نے ایک طویل اور کامیاب سفر کا آغاز کیا ہے ۔ اس ٹورنامنٹ میں کھیلی جانے والی کرکٹ کا معیار اور مسابقت کسی سے پیچھے نہیں ہے اور ہم اپنے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے ۔