پہلا ٹیسٹ:پاکستان کا آج 3 سپنرز میدان میں اتارنے کا فیصلہ

پہلا ٹیسٹ:پاکستان کا آج 3 سپنرز میدان میں اتارنے کا فیصلہ

ملتان(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلاٹیسٹ آج سے ملتان میں شروع ہوگا،قومی ٹیم نے 3 سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کافیصلہ کیا ، پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم میں محمدہریرہ ٹیسٹ ڈیبیو کرینگے۔۔۔

 جبکہ دیگرکھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود،بابر اعظم،محمد رضوان،سعود شکیل ،کامران غلام،سلمان علی آغا،ساجد خان،نعمان علی،خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہم ہے ،بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے ،آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی اس آخری سیریز کوجیت پر ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ٹیسٹ فارمیٹ میں ہر میچ بہت اہمیت رکھتا ہے اور ہم سیریز جیت کر مہم کا اختتام کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ویسٹ انڈیز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ ہمارا سخت مقابلہ کریں گے ۔ ٹیسٹ کرکٹ دراصل چیلنجز میں خود کو ڈھالنے اور ان کا مقابلہ کرنے کا نام ہے اور ہم ایک ٹیم کے طور پر ہمارے راستے میں جو بھی آئے اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ایک سال میں کئی بار ہم جیتنے کی پوزیشن میں آکر میچ ہارے ،ٹیم کیلئے یہی سبق ہے کہ میچز کو جیت میں کس طرح تبدیل کرسکتے ہیں،انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز جیتنے سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد اور مومینٹم ملا ہے ،ہماری پوری توجہ مضبوط پرفارمنس دینے اور جیتنے والے رویئے کو آگے بڑھانے پر ہے ۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھ ویٹ نے ہم پاکستان آکر بہت پرجوش ہیں، میں اس سے پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا اور شاید زیادہ تر کھلاڑی بھی پہلی بار دورہ کر رہے ہیں اور ہم واقعی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنے میدان میں ایک مضبوط ٹیم ہے اس لیے ہم ان حالات میں اچھی کارکردگی کے منتظر ہیں،ہماری ٹیم کی کارکردگی یہاں کافی اہم ہوگی اور ظاہر ہے کہ بورڈ پر رنز بنانا ضروری ہے لیکن بیس وکٹیں لینا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔ ہماری تیاری اچھی رہی،پہلے اسلام آباد اور اب ملتان میں پریکٹس کی،ملتان اور اسلام آباد کی کنڈیشنز ایک جیسی ہیں،ایڈجسٹ ہوگئے ہیں،یہ ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے ،پراعتماد ہوں ٹیم میں شامل ہرکھلاڑی پرفارم کرے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں