پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون:چاروں میچوں کا تیسرے روزہی فیصلہ

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک )پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے چاروں میچوں کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہو گیا ۔
ہائر ایجوکیشن نے کے آر ایل ، پی ٹی وی نے سٹیٹ بینک ، ایس این جی پی ایل نے او جی ڈی سی ایل اور غنی گلاس نے ایشال ایسوسی ایٹس کو شکست دیدی ، این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں ہائر ایجوکیشن نے کے آر ایل کو 130 سے ہرا دیا ، چار روزہ میچ کے تیسرے روز کے آر ایل کی ٹیم 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 63 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، سعد بیگ نے سب سے زیادہ 12 رنز بنائے ۔ قبل ازیں ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی ، ایس بی پی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں پی ٹی وی نے سٹیٹ بینک کے خلاف اننگز اور 106 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔ سٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز 52 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 270 رنز درکار تھے لیکن پوری ٹیم 215 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محمد اسماعیل نے 5 وکٹیں حاصل کیں، یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل نے او جی ڈی سی ایل کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا ، فاتح ٹیم نے 178 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، قاسم اکرم نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، اس سے قبل او جی ڈی سی ایل کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 178 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ایچ پی سی اوول گرانڈ میں کھیلے گئے میچ میں غنی گلاس نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 229 رنز شکست دے دی۔ غنی گلاس نے ایشال ایسوسی ایٹس کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا مگر ایشال ایسوسی ایٹس کی پوری ٹیم 99 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، نثار احمد 36 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، عبید شاہ نے چار اور آفاق آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں ، اس سے قبل غنی گلاس کی ٹیم دوسری اننگز میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی ۔