ویمنز ورلڈکپ،بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے ہرا دیا
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ویمنز ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔ کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس پاکستان کے حق میں رہا، جس پر قومی ٹیم کی کپتان نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے دوران بھارتی کپتان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سے روایتی مصافحہ نہیں کیا۔ بھارت کے 248 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، 26 رنز پر پاکستان کی تین کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں ۔ پہلی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی منیبہ تھیں جو صرف 6 کے مجموعی سکور پر 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں۔اس کے بعد دوسری وکٹ 20 رنز پر صدف شمس کی گری پھر تیسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی عالیہ ریاض تھیں جو 26 رنز پر پویلین لوٹیں۔پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل فلاپ ہو گئی اور اس کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکیں۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ امین 81 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ بھارت کی جانب سے ہرلین دیول 46 اور رچا گوش 35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 4، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 جبکہ رامین اور نشرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔