پہلا ون ڈے ،پاکستان نے سری لنکا کو 6رنز سے ہرا دیا
گرین شرٹس کے 299رنز کے جواب میں مہمان ٹیم 9 وکٹو ں پر 293سکوربنا سکی سلمان آغا ناقابل شکست 105رنز بنا کرپلیئر آف دی میچ قرار ،حارث کی 4 وکٹیں
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مہمان سری لنکن ٹیم کو 6رنز سے شکست دیدی اورسیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی، گرین شرٹس کے 299رنز کے جواب میں مہمان ٹیم 293سکوربنا سکی۔ پاکستان کے سلمان علی آغا ناقابل شکست 105رنز کی فاتح اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ایک بار ناکام رہی تاہم پانچویں وکٹ کی شراکت میں سلمان آغا اور حسین طلعت نے 138رنز بنائے ، سلمان نے ناقابل شکست سنچری جبکہ حسین طلعت نے نصف سنچری سکور کی ، صائم 6رنز،فخرزمان 32 ،رضوان 5 ،بابراعظم 29 رنز بنا سکے ۔ سری لنکا کی جانب سے کامل مشرا نے 38 ،پاتھم نے 29رنز بنائے ، ونندوہاسارنگا نے 59رنز بنائے ۔ سری لنکا نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 293سکور کیا، حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔