ہاکی پلیئر سیریز سے قبل ہیڈ کوچ کی عدم دستیابی سے مایوس
ملک کیلئے اختلافات اہم سیریز سے قبل سائیڈ پر رکھے جا سکتے تھے ، پلیئرز ذرائع
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی نے اہم سیریز سے قبل ہیڈ کوچ کی عدم دستیابی کو مایوس کن قرار دیدیا۔پلیئرز ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف اور طاہر زمان کو افہام و تفہیم سے معاملہ حل کرنا چاہیے تھا، روانگی سے چند گھنٹے قبل تک صورتِ حال واضح نہ ہونے سے ٹیم پر برا اثر پڑا، طاہر زمان کی موجودگی میں ٹیم کو فائدہ ہو رہا ہے ، ہیڈ کوچ کو پلیئرز کے معاملے میں لچک دکھانی چاہیے تھی ۔ پلیئرز ذرائع نے کہا کہ ملک کی خاطر باہمی اختلافات اہم سیریز سے قبل سائیڈ پر رکھے جا سکتے تھے ، ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کیمپ میں تاخیر سے رپورٹ کرنے پر دو کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا کہا تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے اہم سیریز سے قبل دو کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے سے منع کر دیا، پی ایچ ایف نے دو کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کی بجائے تمام تاخیر سے آنے والے کھلاڑیوں کو جرمانے کا کہا۔پی ایچ ایف حکام اور طاہر زمان میں اختلافات بڑھ گئے تو طاہر زمان دستبردار ہو گئے ، بنگلادیش کے دورے کے لیے محمد عثمان کو ہیڈ کوچ کی ذمے داری دے دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر زمان سپین کے دورے کیلئے بھی دستیاب نہیں ہیں، پی ایچ ایف نے پرو ہاکی لیگ کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا عندیہ دیا ہے ۔