ورلڈ کپ2027کی تیاری،نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا اعلان
مضبوط اور متوازن ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کوآزماناضروری ،نوجوان باصلاحیت ہیں لیکن انہیں مزید محنت اور وقت درکار ہوگا:ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کیلئے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ون ڈے سکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کو آزمانا ضروری ہے تاکہ ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کی جا سکے ۔ ٹیم مینجمنٹ اگلے ڈیڑھ سال کے دوران بہترین ممکنہ اسکواڈ تشکیل دینے پر توجہ دے رہی ہے ۔ صرف ایک ہی گروپ پر انحصار کرنے کے بجائے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ہیڈ کوچ نے حالیہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیمپ کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا اور یہ سمجھنے کی کوشش کی گئی کہ ٹیم میں کن شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی نوجوان باصلاحیت ہیں لیکن انہیں مزید محنت اور وقت درکار ہوگا۔مائیک ہیسن نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں نئے کھلاڑی فوری کامیابی حاصل نہیں کر پاتے ، اس لیے انہیں صبر اور اعتماد دینا ضروری ہے ۔ آسٹریلیا سیریز کے بعد بھی مختلف تربیتی کیمپ جاری رہیں گے تاکہ ون ڈے ٹیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔