ورلڈ کپ کیلئے بھرپور تیاری ، کسی ایک میچ پر نظر نہیں:فاطمہ ثنا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ہم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے ، ہر میچ کو دیکھ رہے ہیں، کسی ایک میچ پر نظر نہیں ہے ۔
لاہور میں ٹریننگ کیمپ کے آخری روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی سہ ملکی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پُرجوش ہیں۔ پچھلے تین چار ماہ میں ہماری ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے ۔ بھارت پاکستان میچ اچھا ہوتا ہے ، کوشش ہوگی اچھا کھیلیں۔ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی بھی ہیں، سب پر اعتماد ہیں۔ پچھلے ورلڈ کپ کے مقابلے میں اچھا پرفارم کریں گی۔ حالیہ پرفارمنسز سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ وہاب ریاض کے آنے سے اٹیکنگ اپروچ پر کام کیا، پاور ہٹنگ پر فوکس کیا ہے ۔ ان سے مجھے ذاتی طور پر فاسٹ بولر کی حیثیت سے فائدہ ہو رہا ہے ۔ ریکارڈز سے فرق نہیں پڑتا، مجھے یہ چاہیے کہ ٹیم جیتے ۔ کوشش یہ ہے کہ انفرادی سنگ میل کسی کا بھی ہو، ٹیم کو جیتنا چاہیے ۔